جوکویچ ومبلڈن میں لگاتار 30 ویں میچ میں فاتح

لندن ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکویچ نے ومبلڈن میں مسلسل 30 ویں فتح حاصل کی جبکہ 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن روجر فیڈرر نے برطانوی کھلاڑی کو ہرا کر ایونٹ کے تیسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ یہاں جاری ومبلڈن مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں ڈیفنڈنگ چمپئن جوکویچ نے فرانس کے اڈرین منارینو کو 4-6، 3-6 اور 6-7 سے شکست دے کر تیسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔ لندن میں شدید بارشوں کی وجہ سے سنٹر کورٹ سے باہر 15 منٹ کا کھیل ممکن ہوسکا اور 22 سنگلز میچوں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ ڈبلز کے مقابلوں میں تین سٹ کم کردیئے گئے۔ دفاعی چمپئن نے کہا کہ خوش قسمتی سے میرا میچ سنٹر کورٹ میں مقرر تھا جس کی وجہ سے اس طرح کی کامیابی میں مدد ملی اور جب چھت بند ہوئی تو ماحول کچھ خاص ہوگیا تھا۔  جوکویچ مسلسل تیسری مرتبہ جبکہ مجموعی طورپر چوتھی مرتبہ آل انگلینڈ کلب ٹائٹل کے حصول کیلئے تیسرے مرحلے میں امریکی کھلاڑی سیم کوئری یا تھامس بیلوسی سے مدمقابل ہوں گے۔ ایک اور میچ میں سوئس اسٹار فیڈرر نے دوسرے مرحلے میں برطانیہ کے مارکوس ولیز کو بہ آسانی 0-6، 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر تیسرے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ جمہوریہ چیک کے کھلاڑی تھامس برڈیچ نے کروشیا کے آئیوین ڈوڈنگ کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 6-7، 5-7، 1-6 اور 6-7 سے شکست دی۔ ویمنس سنگلزمیں پولینڈ کی اگنیسکا راڈوانسکا نے یوکرین کی کیترینا کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ دیگر میچ میں روس کی سویتلانا کوزنتسووا نے سابق عالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو 5-7 اور 4-6 سے ناکام کیا۔