جوکویچ آسٹریلین اوپن فائنل میں داخل، فیڈرر کی مزاحمت ناکام

ملبرن ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹاپ سیڈ نواک جوکویچ نے اپنے عظیم حریف روجر فیڈرر کی آج سنسنی خیز مزاحمت کو آخرکار ناکام کرتے ہوئے اپنے چھٹے آسٹریلین اوپن فائنل اور لگاتار پانچویں گرانڈ سلام خطابی مقابلے میں رسائی حاصل کرلی۔ سربیائی عالمی نمبر ایک نے تھرڈ سیڈ فیڈرر کو دو گھنٹے ، 19 منٹ کی مسابقت میں 6-1، 6-2، 3-6، 6-3 سے ہرا دیا اور اب اتوار کے فائنل میں اینڈی مرے یا میلوس راؤنک کا سامنا کریں گے۔ یہ دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان 45 واں میچ ہوا جس کے بعد باہمی ٹریک ریکارڈ میں اب جوکویچ نے فیڈرر کو 23-22 سے پیچھے چھوڑا ہے۔ حیران کن کھیل پیش کرنے والے سرب اسٹار نے 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن کے مقابل اپنا حالیہ غلبہ برقرار رکھا اور اتوار کو وہ چھ آسٹریلین اوپن فائنلز کھیلنے والے اوپن ایرا کے اولین کھلاڑی بن جائیں گے۔ جوکویچ نے میچ کے بعد کہا: ’’میں نے ابتدائی دو سٹ غیرمعمولی کھیلا لیکن یہی کچھ روجر کے خلاف ناگزیر ہوتا ہے کیونکہ وہ اس ٹورنمنٹ میں بہت اونچی سطح پر کھیلتے آئے ہیں۔ میں جانتا تھا کہ وہ جارحانہ روش اختیار کریں گے اور رفتار کو بدلتے ہوئے نٹ کی طرف پیش قدمی کی کوشش کریں گے، مگر میں نے درست منصوبہ بندی کی اور اپنی توجہ مرکوز رکھی اور میں نے سب کچھ اچھی طرح انجام دیا۔ مگر آخرکار محنت بھی کرنی پڑی۔‘‘ 10 بار کے گرانڈ سلام چمپئن جوکویچ کیلئے اتوار کو مجموعی طور پر 19 واں گرانڈ سلام فائنل رہے گا۔