پیرس ۔4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کل عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کیخلاف فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں کامیابی کیلئے پر اُمید ہیں۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں مرے نے حریف جوکووچ کیخلاف پچھلی ناکامیوں کو بھلاتے ہوئے سیمی فائنل میں کامیابی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو 7-5، 6-3اور 6-1 سے شکست دی ہے ۔ برطانیہ کے عالمی نمبر 3 نے رواں سال تمام 15 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن سیمی فائنل کے حریف جوکووچ کیخلاف وہ اپنے آخری 7 مقابلے ہار چکے ہیں ۔ اس ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک دلچسپ سیمی فائنل کی توقع ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ رات جوکووچ نے کلے کورٹ کے بادشاہ تصور کئے جانے والے نڈال کو راست سٹوں میں شکست دیتے ہوئے تقریباً ایک دہے سے فرنچ اوپن پر چل رہی ان کی حکمرانی کا خاتمہ کیا ہے ۔