پیرس۔6جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے فرنچ اوپن 2015 کے سنسنی خیز سیمی فائنل مقابلہ میں برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کو پانچ سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں 6-3 ‘ 6-3 ‘ 5-7 ‘ 5-7 ‘ 6-1 سے شکست دی ۔ یہ سیمی فائنل گذشتہ رات ناقص موسم کی وجہ سے جس وقت روکا گیا اُس وقت مرے نے ابتدائی دو سیٹوں میں شکست کے باوجود تیسرے سیٹ میں کامیابی اور چوتھے سیٹ کو 3-3 سے مساوی کرتے ہوئے مقابلہ میں سنسنی پیدا کردی تھی تاہم آج وہ مسابقتی مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ کل کھیلے جانے والے فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز اسٹانسلس واورنکا سے ہوگا اور اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے جوکووچ پہلا فرنچ اوپن خطاب حاصل کرنے کے ساتھ گرانڈ سلام کی فہرست مکمل کرسکتے ہیں جب کہ دوسری جانب واورنکا آسٹریلین اوپن 2014 کے بعد دوسرا گرانڈ سلام حاصل کرسکتے ہیں ۔ جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں 9مرتبہ کے چمپئن رافل نڈال کو جب کہ واورنکا نے ہم وطن راجر فیڈرر کو شکست دی ہے ۔جب کہ سیمی فائنل میں جوکووچ نے مرے کو اور واورنکا نے مقامی امیدوں کے مرکز جوویلفریڈ سونگا کو پانچ سیٹوں میں شکست دی ۔