جوکووچ نے فیڈرر کو نمبر ون بننے نہیں دیا

لندن 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے گروپ مرحلہ کے اپنے آخری مقابلہ میں چیک جمہوریائی ٹینس اسٹار ٹامس برڈک کو راست سیٹوں میں 6-2 ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ جبکہ اِس کامیابی کے ذریعہ وہ رواں سیزن کا اختتام بحیثیت نمبر ایک کھلاڑی کریں گے۔ اِس کامیابی کے ذریعہ جوکووچ نے فیڈرر کی ان امیدوں کو بھی ختم کردیا ہے جس میں وہ سیزن کا بحیثیت نمبر ایک کھلاڑی خاتمہ کرنا چاہتے تھے لیکن جوکووچ کو اپنا پہلا مقام برقرار رکھنے کے لئے صرف گروپ مرحلہ کے مقابلوں میں ہی کامیابی کافی تھی۔ اِس کامیابی کے بعد پہلا مقام یقینی ہوجانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے 27 سالہ جوکووچ نے کہاکہ بحیثیت نمبر ایک کھلاڑی سیزن کا اختتام کرنا ایک منفرد اعزاز ہے کیونکہ پہلے مقام کو حاصل کرنا اور پھر اِسے برقرار رکھنا آج کی ٹینس کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ دریں اثناء اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں سیمی فائنلس کی صف بندی مکمل ہوچکی ہے جیسا کہ گروپ اے سے جوکووچ کے ہمراہ سوئٹزر لینڈ کے اسٹانسلس واؤرنکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جبکہ گروپ ڈی سے راجر فیڈرر اور جاپانی ٹینس اسٹار کائی نشی کوری گزشتہ روز ہی سیمی فائنل میں پہونچ چکے ہیں۔ سیمی فائنل کی صف بندی مکمل ہونے کے بعد فیڈرر کا مقابلہ ہم وطن واؤرنکا سے ہوگا اور ورلڈ ٹور فائنلس میں یہ پہلا موقع ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے دو کھلاڑی سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہورہے ہیں۔ دوسرے سیمی فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ جاپانی ٹینس اسٹار کائی نشی کوری سے ہوگا۔ جوکووچ اور فیڈرر دونوں ہی ٹورنمنٹ میں تاحال ناقابل تسخیر ہیں اور دونوں کے شاندار مظاہروں کے بعد اُمید کی جارہی ہے کہ اتوار کے دن اِن دو کھلاڑیوں کے درمیان ایک دلچسپ فائنل کھیلا جائے گا۔