شنگھائی۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکوچ نے تازہ ترین درجہ بندی میں راجر فیڈرر سے دوسرا مقام چھین لیا ہے جبکہ رافل نڈال بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں ۔ جوکووچ نے شنگھائی ماسٹرز میں خطاب حاصل کرتے ہوئے درجہ بندی میں ایک اور مقام کی ترقی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انہوں نے فائنل میں 21سالہ کروشیائی کھلاڑی بورنا کورک کو شکست دی جبکہ بورنا نے سیمی فائنل میں فیڈرر کو شکست دی تھی۔ شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ کے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میچ میں جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بورنا کورک کو 6-3 اور6-4 سے شکست دے کر کیریئر کا 72واں خطاب حاصل کیا۔ کامیابی کے بعد انہوں نے کہا کہ آئند ہ سیزن میں وہ پہلا مقام حاصل کرنے کے خواہاں ہیں ۔