جوکووچ فائنل میں، فیڈرر کے 100 ویں خطاب کا انتظار بڑھا

پیرس۔4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی رینکنگ میں نمبر ایک بنے سربیا کے نوواک جوکووچ نے زبردست مقابلے میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو 7-6، 5-7، 7-6 سے شکست دے کر پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا ۔سیمی فائنل کی اس شکست سے فیڈرر کا اپنا 100 واں اے ٹی پی خطاب جیتنے کا انتظار بڑھ گیا ہے ۔ سربیا کے اسٹار فیڈرر کے خلاف یہ مسلسل چوتھی جیت رہی اور اسے انہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین میچوں میں سے ایک قرار دیا۔جوکووچ اب کیریئر مقابلوں میں فیڈرر سے 25-22 سے آگے ہو گئے ہیں۔اسپین کے رافیل نڈال کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ون بنے جوکووچ نے فیڈرر سے یہ دلچسپ مقابلہ تین گھنٹے میں جیتا۔جوکووچ کا فائنل میں ورلڈ نمبر 18 روس کے کیرن خاچانوو سے مقابلہ ہوگا جو آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو 6-4، 6-1 سے شکست دے کر فائنل میں داخل ہوئے ۔سربیائی ا سٹار اگر فائنل میں جیتتے ہیں تو یہ ان کا پانچواں پیرس ماسٹرز ٹائٹل ہو گا اور وہ نڈال کے 33 کیریئر ماسٹرز ٹائٹل کی برابری پر پہنچ جائیں گے ۔جوکووچ 2015 سے 20 بار کے گرینڈسلیم چمپئن فیڈرر سے ایک بار بھی ہارے نہیں ہیں۔جوکووچ اس سال سنسناٹی، یو ایس اوپن اور شنگھائی ماسٹرز کا خطاب جیت چکے ہیں۔