جوکووچ سیمی فائنل میں ، فیڈرر کیلئے آج ایک اور امتحاں

لندن 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لندن میں سیزن کے آخری ٹورنمنٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں گروپ بی کے نتائج دلچسپ ہوتے جارہے ہیں جیسا کہ عالمی نمبر دو نواک جوکووچ نے دراز قد ارجنٹینا کے کھلاڑی یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو 6-3 ، 3-6 ، 6-3 سے شکست دے کر جہاں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی وہیں ہفتہ کو کھیلے جانے والے ایک اور مقابلہ میں ڈیل پوٹرو کا سامنا روجر فیڈرر سے ہوگا اور اِس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی کو سیمی فائنل میں رسائی کا موقع ملے گا۔ چونکہ گزشتہ روز کھیلے گئے دن کے پہلے مقابلہ میں روجر فیڈرر نے فرانسیسی ٹینس اسٹار رچرڈ گیسگے کو 6-4 ، 6-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو برقرار رکھا ہے۔ ہفتہ کو گیسگے کا مقابلہ جوکووچ سے ہوگا۔ تاہم اِس مقابلہ میں کامیابی کے باوجود گیسگے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرپائیں گے کیونکہ اِنھیں گروپ مرحلہ کے افتتاحی مقابلہ میں ڈیل پوٹرو کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے 6 مرتبہ کے چمپئن روجر فیڈرر نے کہاکہ مقابلہ کے آغاز پر ابتدائی 6 نشانات گنوانے کے بعد مقابلہ میں کامیابی سے میں مطمئن ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ ڈیل پوٹرو کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں بھی کامیابی کے ذریعہ سیمی فائنل میں رسائی کو یقینی بناؤں گا۔ فیڈرر کے بموجب گیسگے جیسے کھلاڑی کے خلاف راست سیٹوں میں کامیابی بہتر مظاہرہ کا نتیجہ ہے۔ روجر فیڈرر جنھیں گزشتہ ماہ بیسل اوپن کے فائنل میں ڈیل پوٹرو کے خلاف شکست ہوئی تھی لیکن گزشتہ ہفتہ منعقدہ پیرس ماسٹرس میں کامیابی کے ذریعہ فیڈرر نے اُس ناکامی کا حساب برابر کیا تھا۔ فیڈرر اور ڈیل پوٹرو کے درمیان ہفتہ کو ایک دلچسپ مقابلہ متوقع ہے۔