پیرس ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تیز رفتار سروس کے لئے مشہور کینیڈا کے نوجوان کھلاڑی میلوس راؤنک نے فیڈرر کے خلاف اپنے کرئیر کی پہلی کامیابی صحیح موقع پر حاصل کی ہے جیسا کہ اُنھوں نے پیرس ماسٹرس کے کوارٹر فائنل میں نمبر ایک مقام کے تعاقب میں موجود اور متواتر 14 مقابلوں میں ناقابل تسخیر رہنے والے راجر فیڈرر کو 7-6(7-6) ، 7-5 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی اور آئندہ ہفتہ سیزن کے آخری ٹورنمنٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں رسائی کے امکانات کو برقرار رکھا ہے۔ راؤنک کی فیڈرر کے خلاف یہ 7 مقابلوں میں پہلی کامیابی تھی۔ اپنے مقابلہ میں شکست کے نقصان کے بعد فیڈرر کو نمبر ون مقام حاصل کرنے میں مزید مسائل کا اُس وقت سامنا ہوا جب نمبر ایک مقام پر فائز جوکووچ نے کوارٹر فائنل میں برطانوی نمبر ایک اینڈی مرے کو بہ آسانی 7-5,6-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ جوکووچ کا سیمی فائنل میں مقابلہ جاپان کے کائی نشی کوری سے ہوگا۔