ملبورن ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اوپن میں نواک جوکووچ اور دفاعی چمپیئن اسٹین واورنکا نے سخت جانفشانی کے ساتھ بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران نسبتاً غیر معروف وکٹوریا ازرینکا نے اپنا میچ جیت لیا۔ پانچویں درجہ کی جاپانی کھلاڑی کی نیشی کوری اور خواتین کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام کی حامل پٹرا کوویٹووا نے بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو ٹورنمنٹ میں برقرار رکھا۔ 18 مرتبہ گرانڈ سلام چمپیئن رہ چکی سروینا ولیمس نے بھی منگل کو دیر گئے ملبورن پارک میں اپنی کامیابی کا کھاتہ کھول لیا۔ پانچویں آسٹریلین گرینڈ سلام کے ایک اہم دعویدار نواک جوکووچ نے سلووینا کے ایلجابیڈین پر 6-4، 6-2، 6-3 سے آسان اور اطمینان بخش کامیابی حاصل کی۔ گذشتہ سال کوارٹر فائنلز میں واورینکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرچکے جوکووچ نے کہا کہ ’’پہلے مرحلہ میں مظاہرہ بہت اچھا رہا۔ یقینا مجھے چند شعبوں پر ہنوز محنت کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ سوئزرلینڈ کے چوتھے درجہ کے اس کھلاڑی رافل نڈال کو شکست دیتے ہوئے حیرت زدہ کردیا تھا اور اس سال بھی وہ پرانی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ترکی کے مارسل الھان کو 6-2 ، 6-4 ، 6-1 سے شکست دیتے ہوئے اس سال اپنے کھیل کا کامیاب آغاز کیا تھا۔ واضح رہے کہ راجر فیڈرر، ندال اور ماریا شارا پوا نے پیر کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابیوں کے ساتھ اس ٹورنمنٹ میں پیشرفت کی ہے۔ جاپان کے نیشی کوری جنہیں گذشتہ سال امریکی اوپن کے فائنل میں مارین سیلچ کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔ آج اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کے نکولاس الماگرو کو 6-2 ، (7/1) ، 6-4 سے شکست دی۔