جوکووچ اور مرے کے درمیان آج فائنل

ملبورن۔31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین اوپن 2015ء میں مرد زمرے کا خطابی مقابلہ عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ اور برطانیہ کے نمبر ایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے کے درمیان کل کھیلا جائے گا ۔ اینڈی مرے جو کہ چوتھی مرتبہ آسٹریلین اوپن کا فائنل کھیل رہے ہیں وہیں جوکووچ بھی یہاں ایک اور خطاب کیلئے پُرعزم ہیں۔ جوکووچ اور مرے کے درمیان 2012ء کا یو ایس اوپن فائنل بھی کھیلا گیا تھا جہاں جوکووچ کو شکست دے کر مرے نے اپنے کریئر کا پہلا گرانڈ سلام خطاب حاصل کیا ہے ۔ماہرین کا ماننا ہے کہ کل کھیلا جانے والا خطابی مقابلہ تکنیک سے کہیں زیادہ جسمانی اور ذہنی طاقتوں کا مظاہرہ ہوگا اور امید ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک سخت اور مسابقتی میچ ہوگا ۔