لندن۔15نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جو کووچ نے سال کے آخری اے ٹی پی فائنلس ٹینس ٹورنمنٹ میں جرمن کھلاڑی ایلکسندر جیوریف کو راست سٹوں میں 6-4، 6-1 سے شکست دی جبکہ راجر فیڈرر نے ڈومنیک تھیم کو 6-2,6-3 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی کی امکانات کو برقرار رکھا ہے۔ جوکووچ اس کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو روشن کرلیا ہے۔ جوکووچ کیریئر کے چھٹے اے ٹی پی فائنلس خطاب حاصل کرنے کی دوڑ میں ہیں جبکہ لندن کے اوٹو ایرینا میں2015 کے بعد سے پہلی مرتبہ کھیل رہے ہیں۔ فائنلس میں11 ویں مرتبہ کھیل رہے سربیا کھلاڑی نے گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں اسنر کو شکست دی تھی۔ جوکووچ کا اب گروپ مرحلے کے آخری میچ میں سلچ سے مقابلہ ہوگا جبکہ سلچ کو گزشتہ میچ میں شکست دینے والے جیوریف کے سامنے اسنرکا چیلنج ہوگا سال2017 میں زخمی ہونیکی وجہ سے پریشان رہنے اور درجہ بندی میں نیچے جانے کے بعد31 سالہ سربیائی کھلاڑی نے 2018 میں حیرت انگیز طور پر واپسی کی ہے ۔انہوں نے ومبلڈن اور یو ایس اوپن خطابات جیتے اور عالمی نمبر ایک کھلاڑی بھی بنے ۔ وہ ماسٹرس1000 ٹورنمنٹ کے سبھی نو خطابات جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بنے ۔جوکووچ نے کہا، مجھے جان اسنر کے خلاف پہلا مقابلہ زیادہ مشکل لگا ، مجھے دوسرے سٹ میں زیادہ اچھا لگا اور گیند کو اچھے سے سوئنگ کیا۔ جیوریف کی پہلی سروس بہت اچھی تھی لیکن دوسرے سٹ میں وہ پھسل گئے ۔ جیوریف نے کافی غیرضروری غلطیاں بھی کیں۔ جوکووچ نے سال2012 کے بعد سے صرف دو مرتبہ ہی فائنلس میں شکست کاسامنا کیا ہے اور اس وقت اپنے چھٹے خطاب کے لئے کھیل رہے ہیں۔ سربیائی کھلاڑی نے کہا کہ وہ آخری گروپ میچ سے پہلے اپنے خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔