جوکووچ اور فیڈرر کا ومبلڈن سیمی فائنل میں ٹکراؤ متوقع

لندن۔24جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن  نواک جوکووچ اور 7مرتبہ کے چمپئن راجر فیڈرر کا پیر کو شروع ہونے والے ومبلڈن کے سیمی فائنل میں ٹکراؤ متوقع ہے ۔ جیسا کہ آج سال کے تیسرے گرانڈ سلام کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ عالمی نمبر ایک جوکووچ جو کہ پہلے کیلنڈر گرانڈ سلام کی سمت مزید ایک قدم آگے بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں اور وہ 1969ء کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں ۔ گذشتہ دو فائنلس میں انہوں نے آل انگلینڈ کلب میں فیڈرر کو شکست دی ہے ۔ ڈراز کے مطابق دوسرے درجہ کے کھلاڑی اینڈی مرے جنہوں نے 2013ء میں ومبلڈن خطاب حاصل کیا ہے ان کا سیمی فائنل میں ٹکراؤ چوتھے درجے کے کھلاڑی اسٹین واؤرنکا سے ہوسکتا ہے ۔ تین مرتبہ کے چمپئن جوکووچ نے پہلی مرتبہ فرنچ اوپن خطاب حاصل کرتے ہوئے تمام چاروں گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے ۔ جوکووچ کا یہ 12گرانڈ سلام ہے اور وہ 1992 میں جم کوریئر کے بعد آسٹریلین اور فرنچ اوپن خطابات ایک ہی سال میں حاصل کئے ہیں ۔ جوکووچ پہلے راؤنڈ میں جیمس وارڈ کا سامنا کریں گے جب کہ قطعی 8 کھلاڑیوں کے مقابلوں کے دوران ان کا مقابلہ تیز سرویس کے لئے مشہور کینیڈا میلس رانک سے سامنا متوقع ہے ۔ فیڈرر پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں ارجنٹینا کے گیوڈو پلا سے مقابلہ کریں گے ۔ دفاعی چمپئن سرینا ولیمس ساتواں ومبلڈن خطاب حاصل کرتے ہوئے اسٹیفی گراف کا ریکارڈ مساوی کرسکتی ہیں۔