پیرس۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کلے کورٹ کے بادشاہ تصور کئے جانے والے سابق عالمی نمبر اسپینی ٹینس اسٹار رافیل نڈال اور کی فرنچ اوپن سے قبل روم ماسٹرس، میڈریڈ اوپن اور دیگر ٹورنمنٹس میں یکے بعد دیگرے ناکامیوں کے بعد 24 مئی کو شروع ہونے والے سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام ’’فرنچ اوپن‘‘ کیلئے عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹارنواک جوکووچ کو پسندیدہ موقف حاصل ہوا ہے اور خود کھلاڑی بھی وہ گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے کے خواہاں ہیں جو انہوں نے تاحال حاصل نہیں کیا ہے۔ نڈال جو اپنے خطاب کا دفاع کرنے کے علاوہ دسویں فرنچ اوپن کیلئے میدان میں اُتریں گے، لیکن جمعہ کو ٹورنمنٹ کیلئے ہونے والا ڈرا اس مرتبہ ان کیلئے کافی مشکل ترین ہوسکتا ہے کیونکہ گزشتہ دس برسوں کے دوران نڈال پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں ساتویں مقام پر پہنچ چکے ہیں جس کی وجہ سے کوارٹر فائنل یا اس سے قبل انہیں کٹر حریف اینڈی مرے، راجر فیڈرر، جوکووچ اور اس طرح کے سرفہرست کھلاڑیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جوکووچ، سوئٹزرلینڈ کے اسٹانسلس واؤرنکا، فوگنینی کے خلاف دو مرتبہ اور اینڈی مرے کے خلاف فائنل میں ایک مرتبہ شکست کے بعد نڈال کلے کورٹ پر ہی مسلسل ناکامیوں کا شکار ہیں، لہذا جوکووچ کو پہلی مرتبہ فرنچ اوپن خطاب حاصل کرنے کیلئے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں خاتون زمرے میں گزشتہ ہفتہ اٹالین اوپن حاصل کرنے والی ماریا شارا پووا کو فرنچ اوپن کیلئے پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا جارہا ہے۔