فیڈرر کو بھی ریکارڈ بنانے کا موقع ۔ ٹم ہنمین کا اظہار خیال
کولکتہ 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چار مرتبہ کے ومبلڈن سیمی فائنلسٹ برطانیہ کے ٹم ہنمین نے کا احساس ہے کہ نواک جوکووچ اس سال آسٹریلین اوپن کا خطاب جیتنے کیلئے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روجر فیڈرر کیلئے بھی اپنے سنگلز گرانڈ سلام خطاب کی تعداد کو 17 تک پہونچانے کیلئے بہترین موقع ہے ۔ ہنمین یہاں ایچ ایس بی سی روڈ برائے ومبلڈن سفیر کی حیثیت سے آئے ہیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواک ( جوکووچ ) فی الحال ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ ہارڈ کورٹس پر ان کا ریکارڈ بہترین ہے ۔ وہ دیکھتے ہیں کہ کئی بڑے کھلاڑی ان کے پیچھے ہیںجو اپنے مواقع سے بھی استفادہ کرنے کی خواہاں ہونگے ۔ اگر انہیں کسی ایک کھلاڑی کے انتخاب کا موقع دیا گیا تو وہ جوکووچ کو منتخب کرینگے ۔ سابق عالمی نمبر 4 نے تاہم کہا کہ وہ فیڈرر کو بھی نظر انداز نہیں کرسکتے ۔ اس کے علاوہ دفاعی چمپئن واورینکا بھی دوڑ میں ہیں اور حالات اسی وقت سمجھ میں آئیں گے جب کل آسٹریلین اوپن ٹورنمنٹ کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرر جاریہ سال ایک ٹورنمنٹ پہلے ہی جیت چکے ہیں۔ وہ بہت فٹ اور صحتمند ہیں ۔ جارحانہ کھیل سکتے ہیں۔ آسٹریلیا میں مرے کا ریکارڈ بھی بہترین ہے ۔ وہ تین مرتبہ آسٹریلین فائنل میں پہونچے ہیں۔ اسٹانسلاس واورینکا اب دفاعی چمپئن ہے اور گذشتہ سال انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا تھا ۔ وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیںکہ کئی نشی کوری اور میلوس راؤنک جیسے کھلاڑی کیا کرتے ہیں۔ یہ دلچسپ ہوگا کہ آئندہ تین ہفتوں کے دوران ملبورن میں میچس کے نتائج کیا ہونگے ۔