ملبورن ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چار مرتبہ کے چمپین سربیا کے نوواک جوکووچ اور دنیا کی نمبر ایک خاتون کھلاڑی امریکہ کی سرینا ولیمس نے چہارشنبہ کو اپنے اپنے مقابلے آسانی سے جیت کر سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنمنٹ آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔ پانچ بار کی چمپین سرینا نے سربیا کی ویسنا ڈولون کو 6-1 ، 6-2 سے شکست دی۔ یہ ان کی آسٹریلین اوپن کے اہم ڈرا میں 60 ویں جیت ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹینس کے جدید دور میں اس ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے کی مارگریٹ کورٹ کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔
آسٹریلیائی اوپن
لینا ،تیسرے مرحلے میں داخل
ملبورن۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کی اسٹار خاتون ٹینس کھلاڑی لینا سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے تیسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ ٹورنمنٹ کی چوتھی سیڈ لینا نے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں چہارشنبہ کو سوئٹزرلینڈ کی کوالیفائر کھلاڑی بلنڈا بنکک کو 6-0 ، 7-5 سے شکست دے دی۔ لینا نے پہلا سیٹ صرف 22 منٹ میں اپنے نام کرلیا لیکن دوسرے مرحلے میں انہیں بنکک سے زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔