جوکووچ، سرینا اور پینیٹا کوارٹر فائنلس میں داخل

نیویارک ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے اپنے چوتھے مرحلہ کے مقابلہ میں فلپ کلوس کیریبر کو باآسانی راست سیٹوں میں 6-1 ، 7-5 ، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے یو ایس اوپن 2014ء کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ فلشنگ میڈوس میں مسلسل موسم ٹینس کیلئے خوشگوار نہیں تھا لیکن اس کے باوجود جوکووچ متواتر آٹھویں برس یو ایس اوپن کے قطعی 8 کھلاڑیوں میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ علاوہ ازیں یہ مسلسل 22 واں گرانڈ سلام ہے جس میں جوکووچ نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ 2009ء میں منعقدہ فرنچ اوپن میں انہیں فلپ کے خلاف بھی تیسرے راونڈ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس سلسلہ کو شروع کرنے کا موقع ملا تھا۔

ومبلڈن چمپیئن جوکووچ کیلئے پہلا سیٹ اپنے نام کرنے کیلئے کوئی خاص جدوجہد کرنی نہیں پڑی بلکہ وہ 25 منٹوں میں سبقت حاصل کرلی لیکن دوسرے سیٹ میں فلپ نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ کو ٹائی بریکر میں پہنچایا۔ کوارٹر فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ برطانوی نمبر ایک اینڈی مرے اور ٹورنمنٹ کے 9 ویں بہترین کھلاڑی فرانسیسی ٹینس اسٹار جو ویلفریڈ سونگا سے ہوگا جیسا کہ مرے اور سونگا کے درمیان ایک دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے۔ ماضی کے ریکارڈس مرے کے حق میں ہے جنہوں نے 11 مقابلوں میں 9 فتوحات حاصل کی ہیں لیکن حالیہ مظاہرے سونگا کے حق میں ہے جنہوں نے ٹورنٹو میں منعقدہ ٹورنمنٹ میں نہ صرف مرے کو شکست دی بلکہ یہاں خطاب حاصل کرنے کی راہ میں مرے کے بعد جوکووچ اور فائنل میں فیڈرر کو شکست دی ہے۔ مذکورہ فتوحات کی بنیادوں پر سونگا کے حوصلے کافی بلند ہیں۔ علاوہ ازیں سونگا کے کیریئر میں یہ پہلا موقع ہیکہ وہ رواں سیزن تمام چاروں گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کی ہے۔ یو ایس اوپن میں شرکت سے قبل سونگا عالمی نمبر ایک جوکووچ اور 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن راجر فیڈرر کو شکست دے چکے ہیں۔ مرے کیلئے حالیہ مظاہرے مایوس کن ہے کیونکہ 2012ء کے یو ایس اوپن چمپیئن نے آخری مرتبہ 2013ء میں تاریخی ومبلڈن خطاب حاصل کیا ہے

جس کے بعد سے وہ زخموں سے پریشان ہیں۔ سونگا نے کہا کہ مرے کے خلاف مقابلہ آسان نہیں ہوتا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ انہیں شکست دینا کا یہ بہترین موقع ہے کیونکہ میں چند مہینوں کے دوران بہترین مظاہروں کے بعد خود کو کافی پراعتماد محسوس کررہا ہوں۔ دریں اثناء خاتون زمرہ میں 5 مرتبہ کی چمپیئن سرینا ولیمس رواں سیزن پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ اطالوی ٹینس اسٹار فلیویا پینیٹا سے ہوگا جیسا کہ ٹورنمنٹ میں اب یہ دونوں ہی کھلاڑی معمر ترین کھلاڑی ہیں۔ سرینا نے چوتھے راونڈ میں استونیا کی کھلاڑی کائی کینیپی کو راست سیٹوں میں 6-3، 6-3 سے شکست دی جبکہ 32 سالہ پینیٹا نے آسٹریلیا کی کیسی ڈیلوکووا کو 7-5 ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے پانچویں مرتبہ یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ سرینا ولیمس نے کوارٹر فائنل کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ رواں سیزن پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں رسائی پر اپنے مظاہروں سے مطمئن ہوں کیونکہ آسٹریلین اوپن میں چوتھے راونڈ ، ومبلڈن میں تیسرے راونڈ اور فرنچ اوپن میں دوسرے راونڈ میں شکست ہوئی تھی۔