جوڑ توڑ کی رپورٹس منظر عام پر لانے عمر عبداللہ کا مطالبہ

سرینگر ، 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) این سی لیڈر عمر عبداللہ نے آج گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال ملک سے اپیل کی کہ ریاست میں تشکیل حکومت کیلئے ہونے والی جوڑ توڑ کے تعلق سے رپورٹس کو منظرعام پر لائیں اور کہا کہ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ لیجسلیٹرز کو کون خرید رہا ہے۔ اُن کا مطالبہ گورنر ستیہ پال کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انھوں نے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے اپنے فیصلے کی مدافعت میں دعویٰ کیا کہ بڑے پیمانے پر جوڑ توڑ ہورہی تھی اور ’’مخالف سیاسی نظریات‘‘ کی حامل پارٹیوں کیلئے کوئی مستحکم حکومت کی تشکیل ناممکن ہوگی۔ عمر نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ اگر خود گورنر نے قبول کیا ہے کہ ایم ایل ایز خریدے جارہے ہیں، رقم اِدھر سے اُدھر ہورہی ہے، تو عوام کو جاننا چاہئے کہ یہ کون کررہا ہے۔ اگر گورنر کے پاس ایسی رپورٹس ہیں تو انھیں ان کو منظرعام پر لانا چاہئے۔ یہ کوئی ہمارے الزامات نہیں ہیں۔ گورنر نے کہا ہے کہ جوڑ توڑ ہورہی تھی اور رقم یہ ہاتھ سے وہ ہاتھ کو منتقل ہورہی تھی۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ یہ رقم کہاں سے آئی؟ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کس کی ایماء پر یہ رقم دی جارہی تھی اور کون خریداری کررہا تھا؟۔