جوڈیشیل ایمپلائیز کو خدمات میں شفافیت پیدا کرنے کا مشورہ

دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا تیقن ، جسٹس دلیپ بابا صاحب بھوسلے و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔ 30 اگست (سیاست نیوز) کارگذار چیف جسٹس ہائیکورٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش جسٹس دلیپ بابا صاحب بھوسلے نے جوڈیشیل ایمپلائیز پر زور دیا کہ وہ کارکردگی میں شفافیت پیدا کرتے ہوئے اپنی خدمات کو بحسن و خوبی انجام دیں تاکہ عدلیہ سے متعلق عوام اور سماج میں اعتماد بحال کیا جاسکے۔ وہ آج آل انڈیا جوڈیشیل ایمپلائیز کانفڈریشن اور جوڈیشیل ایمپلائیز اسوسی ایشنس آف تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیراہتمام منورو کاپو سنگھم آڈیٹوریم میں منعقدہ ’’آل انڈیا جوڈیشیل ایمپلائیز کانفرنس‘‘ کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن عدالتوں میں بے شمار مقدمات درج ہوا کرتے ہیں جن کے دفتری کام کاج میں جوڈیشیل ایمپلائیز کا بھی اہم کردار ہوا کرتا ہے۔ اسی لئے ایمپلائیز پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں غفلت و لاپرواہی نہ برتیں بلکہ محنت اور لگن سے کام کریں تاکہ ججس کو بروقت اور صحیح فیصلے صادر کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کی تمام ریاستوں کے ایمپلائیز کو یکساں پے اسکیل کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی غرض سے جسٹس جگناتھ شیٹی کمیشن سفارشات پر عمل آوری کیلئے سفارشات کو ملک کے تمام ہائیکورٹس میں داخل کی گئی ہیں جس پر عمل آوری سے ملک بھر کے تمام جوڈیشیل ایمپلائیز کو راحت نصیب ہوگی۔ انہوں نے تمام جوڈیشیل ایمپلائیز کو تیقن دیا کہ وہ انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی اور ان کے جائز حقوق کی فراہمی میں اپنا بھرپور تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس موقع پر ہائیکورٹ جج تلنگانہ و آندھرا پردیش جسٹس آر سبھاشن ریڈی بحیثیت مہمان اعزازی مخاطب کرتے ہوئے جوڈیشیل ایمپلائیز کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں ممکنہ تعاون کرنے کا پیشکش کیا۔ ریٹائرڈ ہائیکورٹ جج جسٹس چندریا نے مخاطب کرتے ہوئے ایمپلائیز کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کریں اور صبر و تحمل سے کام کریں۔ صدر آل انڈیا جوڈیشیل ایمپلائیز کانفیڈریشن ڈاکٹر شکیل احمد معین اور آرگنائزنگ سیکریٹری آل انڈیا جوڈیشیل ایمپلائیز کانفیڈریشن مسٹر بی لکشما ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے جوڈیشیل ایمپلائیز کو درپیش مسائل اور آل انڈیا جوڈیشیل ایمپلائیز کانفیڈریشن کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ صدر تلنگانہ اسٹیٹ جوڈیشیل ایمپلائز اسوسی ایشن مسٹر کے جگناتھم، صدر آندھرا پردیش اسٹیٹ جوڈیشیل ایمپلائیز اسوسی ایشن مسٹر ایس رمنیا نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر کانفرنس میں ملک بھر کی تمام ریاستوں سے تعلق رکھنے والے جوڈیشیل ایمپلائیز کی ریاستی یونٹوں کے سربراہان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔