جون میں ہند۔ پاک محدود اوورس کی سیریزمتوقع؟

دوبئی ؍ کراچی۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بگ تھری پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی مشروط حمایت کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے خفیہ رابطوں کے نتیجے میں جون میں روایتی حریفوں کے درمیان مختصر سیریز کی منصوبہ بندی کی جاری ہے۔ پی سی بی ، ہندوستان کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد آٹھ دن میں تین ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی میزبانی کرے گا۔ دونوں ملکوں کے بورڈز خاموشی سے اس سیریز کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ پی سی بی کو یقین ہے کہ این سرینواسن وعدے کے مطابق اس سیریز کو حتمی شکل دے دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدرنشین نجم سیٹھی کو لاہور میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں اس سیریز کی تفصیلات کے بارے میں اراکین کو تفصیلات فراہم کریں گے ۔

پی سی بی کو امید ہے کہ بی سی سی آئی اس سیریز کے بارے میں ایک ہفتے میں پاکستان کو حتمی جواب دے گا۔ 2006ء کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان کرکٹ بورڈ ہندوستان کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سیریز سے بھاری منافع کی توقع ہے۔ یہ سیریز اگلے آٹھ سال کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی سیریز کے علاوہ ہوگی۔ پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ اگلے آٹھ سال میں بورڈ کو فیوچر ٹور پروگرام 37 ارب روپئے کی آمدنی متوقع ہے۔ اس آمدنی کا بڑا حصہ ہندوستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز سے ہوگا۔ جون میں پاکستان کرکٹ بورڈ بگ تھری کی اصلاحات پر دستخط کرے گا۔ اگلے 8سال کے دوران ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ چار ہوم اور تین بیرونی سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس مسودے میں تمام سیریز کو قانونی تحفظ دیا گیا ہے تاکہ اگرکوئی ملک کسی وجہ سے سیریز کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان کے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔ پی سی بی کے باوثوق ذرائع کے مطابق دبئی میں نجم سیٹھی اور بی سی آئی کے صدر سرینواسن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے نتیجے میں پاکستان نے بورڈ سے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ہندوستان جون میں پاکستان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلے۔ سرینواسن نے اس بارے میں بورڈ کے سیکریٹری کو ایک ہفتے کا وقت نکالنے کی ہدایت دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم ممبئی میں انڈین پریمیئر لیگ کا فائنل یکم جون کو ہونا ہے۔ جولائی میں ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی ۔ آئی پی ایل کے بعد ہندوستانی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کا مختصر دورہ کرنا ہے تاہم پاکستان کی سیریز کو قابل عمل بنانے کے لئے بی سی سی آئی ،ویسٹ انڈیز کا دورہ ایک ہفتے کی تاخیر سے کر سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابھی بی سی سی آئی کے حتمی جواب کا انتظار ہے۔ اگر ہندوستان رضامندی ظاہر کرتا ہے تو پاکستان اور ہندوستان کے ونڈے اور ٹوئنٹی 20 مقابلے دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں ہوں گے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دسمبر 2012ء اور جنوری 2013ء کے دوران آخری سیریز ہندوستان میں ہی ہوئی تھی جس کے بعد سے دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹ میں مدمقابل ہوئی ہی