جونیر ہندوستانی لفٹرز کا بدستور متاثرکن مظاہرہ

نئی دہلی ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویٹ لفٹرز نے اپنا متاثرکن مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے 17 ویں ایشین یوتھ (بوائز اینڈ گرلز) اور 22 ویں جونیر ویمن چمپین شپس میں آج دوحہ، قطر میں مزید پانچ میڈلس جیت لئے جن میں دو گولڈ شامل ہیں۔ ابھی تک ہندوستان نے دو دنوں میں سات تمغے حاصل کئے جن میں سے چار گولڈ ہیں۔ یوتھ بوائز کیٹگری میں ہندوستان کو دو طلائی تمغے حاصل ہوئے۔ جہاں جمجانگ دیرو نے 56kg ڈیویژن میں ٹاپ پوزیشن 101kg کا وزن اسناچ اسٹائل میں اور 141kg وزن کلین اینڈ جرک اسٹائل میں اٹھاتے ہوئے حاصل کی۔ انھوں نے جملہ 242kg وزن اٹھایا۔ لالو ٹاکو نے 62kg سیکشن میں 250kg کی مجموعی کوشش (108+142) کے ساتھ گولڈ جیتا۔ یوتھ بوائز 62kg کیٹگری میں دوسری پوزیشن بھی ہندوستان نے حاصل کی، جہاں دیپک لاتھر نے جملہ 245kg وزن اٹھایا جس میں 115kg اسناچ اور 130kg کلین اینڈ جرک اسٹائل میں درج ہوا۔ کل موہن چوان اور منالیشا سونوال نے ترتیب وار یوتھ گرلز 44kg اور جونیر ویمن 48kg سیکشن میں ایک، ایک گولڈ جیتا تھا۔