جونیر کالج نارائن کھیڑ میں اردو لکچررس کی منظوری

نارائن کھیڑ یکم فبروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن اسمبلی نارائن کھیڑ مسٹر پی کشٹا ریڈی نے بتایا کہ گورنمنٹ جونیر کالج نارائن کھیڑ میں انٹرمیڈیٹ اردو میڈیم ایچ ای سی کیلئے مستقل لکچررس کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے جی او نمبر 79 کی اجرائی عمل میں آگئی ہے۔ رکن اسمبلی مسٹر پی کشٹا ریڈی کل شام اپنی قیامگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ جونیر کالج نارائن کھیڑ میں انٹر میڈیٹ اردو میڈیم HEC کی متوازی جماعتوں کا انہوں نے (مسٹر کشٹا ریڈی )نے گذشتہ 10 سال قبل اپنے دور رکن اسمبلی ہی میں آغاز کیاتھا اور انٹر میڈیٹ ایچ ای سی اردو میڈیم کی متوازی جماعتوں کے آغاز سے تاہم کالج کا کارپس فنڈ اور عارضی لکچررس کے ذریعہ چلایاجارہا تھا جس کے نتیجہ میں میں طلباء کئی مسائل سے دوچار ہورہے تھے اور طلباء کی تعلیم پر کافی اثر پڑ رہا تھا جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اردو میڈیم انٹر میڈیٹ کے طلباء کو بہتر سے بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے جذبہ سے انہوں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اردو میڈیم کالج کیلئے مستقبل لکچررس کی منظوری کے سلسلہ میں چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی سے بھر پور اور کامیاب نمائندگی کی تھی جس پر چیف منسٹر کی ہدایت پر پرنسپل سکریٹری ٹو گورنمنٹ مسٹر راجیشور تیواری نے اس سلسلہ میں جی او 79 جاری کیا ہے۔ مسٹر کشٹا ریڈی نے کہا کہ نارائن کھیڑ میں انٹر میڈیٹ اردو میڈیم کیلئے مستقل لکچررس کی منظوری ایک مستحسن اقدام ہے اور یہ منظوری ضلع میدک ہی نہیں بلکہ علاقہ تلنگانہ میں اپنی نوعیت کی منفرد مثال ہے

جو ایک اہم کارنامہ اور قابل مبارکباد ہے۔ مسٹر پی کشٹا ریڈی نے چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی اور پرنسپل سکریٹری مسٹر راجیشور تیواری کے علاوہ ان تمام وزراء سے اظہار تشکر کیا ہے۔ جنہوں نے لکچرر کے منظوری کے سلسلہ میں اپنا بھر پور تعاون کرتے ہوئے جی او کی اجرائی عمل میں لائی ۔ اور انہوں نے کہا کہ مستقل لکچررس کی منظوری مسلمانان نارائن کھیڑ کیلئے بھی قابل مبارکباد ہے جنہوں نے ان سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی تھی۔ بعدازاں رکن اسمبلی مسٹر پی کشٹا ریڈی نے مستقل لکچررس کی منظوری سے متعلق جی او کی ایک کاپی مقامی مسلم اقلیتوں کے حوالے کی ۔ اس موقع پر صدر بلاک کانگریس کمیٹی مسٹر بھوجی ریڈی، صدر منور یوتھ کانگریس مسٹر پربھاکر ریڈی،ایم پی ٹی سی ارکان مسرز نارائنا،ارجن،سرپنچ ہنگرگہ مسٹر ناگشٹی،اقلیتی قائدین مسرز سید لطیف سیٹھ، محمد عبدالسلام واچ، محمد ہاشم علی،محمد عبدالمجید،محمد عبدالوحیداور دیگر موجود تھے۔ ۔