جونیر ڈاکٹرس کی 64 دن سے جاری ہڑتال ختم

حیدرآباد ۔ /29 نومبر (این ایس ایس) تلنگانہ میں جونیر ڈاکٹرس نے آخر کار 64 دن سے جاری ہڑتال ختم کردی ۔ ہائیکورٹ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے جونیر ڈاکٹرس آج ڈیوٹی پر رجوع ہوگئے ۔ تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے قائدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی کو تسلیم کرتے ہوئے ہڑتال ختم کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ جی او 107 کے خلاف یہ ہڑتال شروع کی گئی تھی جس میں طلباء کیلئے کورس مکمل کرنے دیہی علاقوں میں خدمات لازمی قرار دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کی سماعت نہیں کی جارہی ہے ۔ دیہی علاقوں میں مطلوبہ ادویہ اور آلات کے بغیر کام کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے ۔ ہڑتال کی وجہ سے ریاست کے 10 اضلاع میں طبی خدمات بری طرح متاثر ہوگئی تھیں ۔