لندن۔ 5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقص پرفارمنس سے دلبرداشتہ ہو کر انگلینڈ کے جوناتھن ٹراٹ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انگلش بیٹسمین کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو چھوڑنے کا فیصلہ کافی مشکل رہا لیکن انہیں لگتا ہے کہ ان کا کھیل اب انگلش ٹیم کے معیار کے مطابق نہیں رہا۔ ٹراٹ نے کہا کہ انہیں ڈیڑھ سال بعد ٹسٹ ٹیم میں واپس لانے پر انگلش کرکٹ بورڈ کے وہ شکر گزار ہیں۔ ٹراٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹسٹ میچوں کی چھ اننگز میں صرف 72 رنز ہی بنا سکے۔ 34 سالہ ٹراٹ نے اگست 2009 ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ ایشز سیریز کے پانچویں ٹسٹ میں کیرئیر شروع کرتے ہوئے ٹراٹ نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ انگلش بیٹسمین نے 52 ٹسٹ میچوں میں 44.08 کی اوسط سے 9 سنچریوں سمیت 3835 رنز بنائے ہیں۔ ٹراٹ نے چھ سالہ کرکٹ کیریر میں 68 ایک روزہ میچوں میں چار بہترین سنچریوں کے ساتھ 51.25 کی اوسط سے 2819 جوڑ رکھے ہیں۔