جوشنا چنپا نے رچمنڈ اوپن اسکواش جیت لیا

رچمنڈ 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی جوشنا چنپا نے آسٹریلیا کی سابق عالمی نمبر ایک راشیل گرنہم کو شکست دیتے ہوئے افتتاحی رچمنڈ اوپن اسکواش خطاب جیت لیا ہے ۔ عالمی نمبر 21 رینکنگ رکھنے والی چنپا نے اب تک ہوئے اپنے چھ مقابلوں میں پہلی مرتبہ گرنہم کو 11 – 9, 11 – 5, 11- 8 سے شکست دیدی ۔ یہ مقابلہ کنٹری کلب ورجینیا میں کھیلا گیا تھا ۔ اس کامیابی کے ساتھ جوشنا چنپا نے ٹیکساس اوپن کے گذشتہ ہفتے ہوئے فائنل میں گرنہم کے ہاتھوں اپنی شکست کا بھی بدلہ لے لیا ہے ۔ ٹیکساس میں چنپا کو آسٹریلیائی کھلاڑی کے مقابلہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ گرنہم اپنے کیرئیر میں اب تک 65 ویں مرتبہ کسی ٹورنمنٹ کے فائنل میں پہونچی تھیں جبکہ جوشنا چنپا کا اپنے کیرئیر کا یہ 16 فائنل تھا ۔ اس میچ میں انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا ۔

ٹریسکوتھک ‘ جوناتھن ٹراٹ کی مدد کرنے کو تیار
لندن 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق انگلینڈ اوپنر مارکس ٹریسکوتھک نے کہا کہ وہ فارم کی وجہ سے پریشان انگلینڈ بلے باز جوناتھن ٹراٹ کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔ ٹریسکوتھک کا کیرئیر بھی اسی طرح کے حالات میں ختم ہوا تھا ۔ ٹراٹ انگلش ٹیم میں واپس ہوئے ہیں لیکن انہیں فارم کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہے ۔ ٹریسکوتھک نے کہا کہ وہ ٹراٹ سے بات کرچکے ہیں اور ان کی مدد کی کوشش کی ہے ۔ وہ خود بھی ماضی میں ایسے حالات کا شکار رہے تھے اس لئے اپنے تجربہ کی بنیاد پر انہوں نے ٹراٹ کی مدد کی ہے ۔