جوتے پہن کر عیدگاہ میں داخل ہونے پر ناراضگی

نلگنڈہ۔ /30 جولائی ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر تعلیم، رکن قانون ساز کونسل و دیگر عہدیدار عید گاہ نلگنڈہ میں نماز عیدالفطر کے بعد اس وقت جوتوں و چپلوں سے عیدگاہ میں داخل ہوکر عید گاہ کے تقدس کو پامال کرنے کے مرتکب ہوئے جب چند مسلم نوجوانوں نے ان قائدین کو عید گاہ میں جوتوں و چپلوں سے داخل ہوتے ہوئے دیکھ کر ششدر رہ گئے اور شدید بے چینی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزیر تعلیم ایم جگدیش ریڈی دیگر مصروفیات کی وجہ جلد واپسی کے خواہاں تھے جس پر برسر اقتدار پارٹی سے وابستہ چند قائدین نے امام و خطیب عیدین مولانا سید شاہ احسان الدین قاسمی رشادی سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دینے کی خواہش پر عید گاہ کے تقدس کا بھی لحاظ کئے بغیر ان کی خوشنودی اور ایک دوسرے پر سبقت لینے کیلئے ریاستی وزیر تعلیم جگدیش ریڈی ، نائب صدر نشین این ودیا ساگر راؤ ، رکن قانون ساز کونسل پی رویندر، رکن اسمبلی تنگاترتی جی کشور، راجیشور ریڈی، ڈی نرسمہا ریڈی اور ان کے محافظین نے بھی عیدگاہ کے تقدس اور بے حرمتی کو پامال کیا وہاں پر موجود چند نوجوان اور امام و خطیب عیدین نے بھی تعجب و ناراضگی کا اظہار کیا۔