مانا کنڈور۔/6جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج کے مسابقتی دور میں بدلتے حالات کے مطابق بچوں کو تیاری کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ شاتاواہانہ یونیورسٹی وائس چانسلر ویرا ریڈی نے طلبہ کو اس بات کی تلقین کی۔ تما پور جوتش متی انجینئرنگ کالج کے احاطے میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کو تہنیت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب میں انہوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور خطاب کیا۔ کالج کے چیرمین جواڑی ساگر راؤ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج کے تین طلبہ کا گولڈ میڈل حاصل کرنا قابل مبارکباد کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تاحال کالج ہذا کو 6گولڈ میڈل حاصل ہوچکے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو مزید اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کرتے ہوئے کالج ، اساتذہ اور اپنے والدین کا نام روشن کرنے کا مشورہ دیا۔گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کو50ہزار روپئے کا انعام دیا گیا۔ کالج پرنسپال ڈاکٹر اے آر نصیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ تعلیم کے ساتھ اپنے کردار کو بھی بہتر بنائیں۔ کالج کے ڈائرکٹر کے وینکٹ راؤ نے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ کی ستائش کی۔ اس خصوص میں تہنیتی تقریب میں کالج کو حاصل شدہ یو ایس اکریڈیشن سرٹیفکیٹ کی اجرائی کے بعد وی سی ریڈی کو بھی تہنیت پیش کی۔ کالج کے پرنسپال پروفیسر یوگا راؤ، این ٹی پی سی سینئر سپرنٹنڈنٹ اے کامیشور راؤسوامی، طلبہ اور ان کے والدین کے علاوہ لکچررس نے اس تقریب میں شرکت کی۔