جوبرگ سے شکایت نہ ہوئی، ناگپور سے کیوں؟

ناگپور ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آف اسپنر روی چندرن اشوین نے آج ان تمام سے جو قابل لحاظ گھماؤ میں مدد دینے والی ہندوستانی پچس کے ناقد ہیں، یہ استفسار کیا کہ کیوں کسی نے بھی تب سوال نہیں اٹھایا جب ٹرینٹ برج میں ایشز ٹسٹ محض دو یوم سے کچھ زائد مدت میں ختم ہوگیا۔ اسٹار بولر نے جنوبی افریقی ٹریکس پر نکتہ چینی بھی نہیں بھولی جیسے جوبرگ میں ہے جہاں انھیں ڈسمبر 2013ء میں پانچویں دن بھی وکٹ سے کچھ مدد نہیں ملی تھی۔ ’’میں نے جوہانسبرگ (ٹسٹ) کے بعد شکانیت نہیں کی۔ مجھے اس کے بعد ایک سال ڈراپ کیا گیا۔ اور میں یہاں کھیلتے ہوئے بھی کوئی شکایت کرنے والا نہیں ہوں۔ کوئی وجہ نہیں کہ مجھے شکایتیں ہوں۔ٹرینٹ برج میں ٹسٹ دو دن کے بعد ختم ہونے پر کسی نے کچھ نہیں کہا؟‘‘ اشوین نے ایسے سوالوں پر طنز کیا کہ جنوبی افریقی بیٹسمنوں کو ٹرننگ ٹریکس پر کھلایا جارہا ہے۔ٹاملناڈو کے اسپنر نے کہا کہ اسپن کو بہتر کھیلنے کیلئے ہنر کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔