حیدرآباد /17 فروری ( سیاست نیوز ) قماربازی کیلئے رقم دینے سے بیوی کے انکار پر ایک شخص نے خودسوزی کرلی ۔ یہ واقعہ میڑچل پولیس حدود میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ دستگیر نے جو پیشہ سے میستری تھا 11 فروری کے دن انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ دستگیر عادی شرابی تھا جو کومپلی کے علاقہ پرشانت نگر میں رہتا تھا ۔ اس کا تعلق محبوب نگر ضلع سے بتایا گیا ہے ۔ شراب اور جوئے کی عادت سے وہ قرض میں مبتلا ہوگیا تھا ۔ شراب کے نشہ میں مکان پہونچکر روزانہ کے جھگڑے سے اس کی بیوی تنگ آچکی تھی ۔ میڑچل پولیس کے مطابق اس کی بیوی نے ایک ماہ قبل اپنے مائیکے کا رخ کیا تھا اور ضلع میدک کے دبیرپور اپنے والدین کے یہاں چلی گئی تھی ۔ گذشتہ ہفتہ دستگیر اپنے سسرال گیا اور بیوی سے معافی مانگ کر اسے منالیا اور اپنی بیوی سے وعدہ کیا تھا کہ وہ شراب پینا ترک کردے گا ۔ جس کے بعد وہ اپنی سسرال میں رہنے لگا ۔ 11 فروری سے دو دن قبل اس نے کثرت سے شراب نوشی کی اور اپنے مکان آیا اور بیوی سے قماربازی کیلئے رقم کا مطالبہ کیا جس پر اس کی بیوی نے صاف طور پر انکار کردیا ۔ جس سے دلبرداشتہ دستگیری نے اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔