جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں 18 سالہ اتھیلیٹ کی پھانسی کے ذریعہ خودکشی

نئی دہلی ۔ /14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) 18 سالہ اتھلیٹ پالیندر چودھری جنہوں نے بین الاقوامی کھیلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی ۔ منگل کو جواہر لال نہرو اسٹیڈیم نئی دہلی میں فیان سے لٹک کر خودکشی کرلی ۔ اس اطلاع کے ساتھ ہی اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے فوری ڈپارٹمنٹل انکوائری کا حکم دیا ہے ۔ مسٹر چودھری نے اسٹیڈیم کے اتھلیٹک اکیڈیمی ہاسپٹل روم میں سیلنگ فیان سے لٹک کر پیر کو خودکشی کرلی ۔ اسپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ڈائرکٹر جنرل نیلم کپور نے آج کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی ذمہ داری ایس اے آئی کے سکریٹری ، سورن سنگھ چھاپرا کو سونپی گئی ہے جو ایک ہفتہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کردیں گے ۔ چودھری کا تعلق علیگڑھ اترپردیش سے تھا اور خودکشی کے ساتھ ہی ان کی دماغی موت ہوچکی تھی اور ان کو فوری صفدر جنگ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کو مردہ قرار دیا ۔ ایس اے آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بیان کیا کہ مسٹر چودھری کی ان کے والد کے ساتھ مالی مسئلہ پر بحث ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا ۔