گلاسگو ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گلاسگو کامن ویلتھ گیمس میں سلور میڈل حاصل کرنے کے چند گھنٹے بعد ہندوستانی بیڈمنٹن کی ڈبلس کھلاڑی جوالہ گٹہ نے ہندوستان میں ڈبلس کے ساتھ کئے جانے والے امتیازی سلوک پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ہندوستان میں سنگلس زمرہ کے کھلاڑیوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ گٹہ اور ان کی ساتھی کھلاڑی اشونی نے دہلی کامن ویلتھ گیمس 2010ء میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا لیکن وہ یہاں اپنے خطاب کے دفاع میں ناکام رہی جیسا کہ خطابی مقابلہ میں انہیں ملیشیاء کی جوڑی ویویا کاہا من ہو اور کھیوائی مون کے خلاف 17-21 ، 21-23 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ جوالہ نے کہا کہ ڈبلس کیلئے فنڈنگ اور تعاون کا فقدان ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کی ڈبلس میں حوصلہ افزائی کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سنگل کے کھلاڑی کو 10 ڈالرس اور ڈبلس کے کھلاڑی کو دو ڈالرس دیئے جاتے ہیں اور ڈبلس کے کھلاڑیوں کو نہ فنڈنگ ملتی ہے اور نہ ہی ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جوکہ مایوس کن ہے کیونکہ ہم انعامی رقم کیلئے مظاہرے نہیں کرتے۔