کلگاری ( کناڈا ) 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی وومنس بیڈمینٹن جوڑی جوالا گٹا اور اشونی پونپا نے کناڈا اوپن گرانڈ پری ٹورنمنٹ کے فائنل میںرسائی حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے سیمی فائنل میں جاپان کی جوڑی شایہی تناکا اور کوہارو یونیموتو کو شکست دیدی ۔ انہوں نے یہ کامیابی 21 – 17, 21 – 16 سے حاصل کی تھی ۔ ابتدائی مقابلہ میں دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اورہر جوڑی کی جانب سے مزاحمت کی گئی تھی ۔ جوالا گٹا اور اشونی پونپا کی جوڑی نے تاہم اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے مقابلہ کیا ۔ ایک موقع پر دونوں ٹیموں کا اسکور 14 – 14 سے مساوی ہوگیا تھا ۔ بعد میں جوالا اور پونپا کی جوڑی نے اچھا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 – 17 سے یہ گیم جیت لیا ۔ دوسرے گیم میں اس جوڑی نے ابتداء سے اچھا مظاہرہ کیا ۔ درمیان میں قدرے مزاحمت ہوئی تاہم 21 – 16 سے یہ گیم بھی جیت کر اس جوڑی نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔