جوالا۔ اشونی ،آنند کو آل انگلینڈ کوالیفائرس میں شکست

برمنگھم ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرد زمرہ میں ہندوستان کے سنگلز کھلاڑی آنند پوار اور خاتون زمرہ میں ڈبلز کی ہندوستانی جوڑی جوالا گٹہ اور اشونی پونپا آل انگلینڈ چمپین شپ کے پہلے مرحلے کو عبور کرنے میں ناکام رہے اور اس ناکامی کی وجہ سے وہ ٹورنمنٹ کے اصل مقابلوں میں رسائی حاصل نہیں کرپائے۔ کوالیفائرس مقابلوں میں نمبر ایک درجہ پر موجود آنند نے پہلی گیم میں سبقت بنانے کے باوجود انڈونیشیا کے کھلاڑی اینڈری کرنیا وان کے خلاف 21-18 ، 13-21، 19-21 کی شکست برداشت کی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ مسابقتی ہونے کے علاوہ ایک گھنٹہ 8 منٹ طویل رہا۔

دریں اثناء کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی جوڑی جوالا گٹہ اور اشونی پونپا بھی کوالیفائر مقابلہ میں کامیابی بھی حاصل نہیں کرپائے اور ہندوستانی جوڑی کو چینی کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی چینما اور یانٹنگ ٹانگ کے خلاف بہتر مظاہرہ کے باوجود 21-14 ، 15-21 ، 17-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ یہ مقابلہ تقریباً ایک گھنٹہ طویل رہا لیکن بہتر شروعات کے باوجود ہندوستانی جوڑی کو شکست برداشت کرنی پڑی۔ہندوستان کے لئے دیگر کھلاڑیوں میں خاتون کھلاڑی سیلی رانے اور مکسڈ ڈبلز کی جوڑی ابھیشیک اہلوات اور کرسٹی داس کو بھی پہلے ہی راؤنڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ سائلی کو آئرلینڈ کی چالوئی ماگی کے خلاف21-23 ، 20-22 کی قریبی شکست برداشت کرنی پڑی، حالانکہ 47 منٹ طویل اس مقابلے میں ہندوستانی کھلاڑی نے کافی مسابقتی مقابلہ کیا۔