کوہیر۔/26فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک جوائنٹ کلکٹر مسٹر اے شرتھ نے کوہیر منڈل کے موضع کویلی چوراستہ پر واقع سرکاری اراضیات کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ساتویں مرتبہ غریب عوام کو 1239 ایکر اراضی کی تقسیم عمل میں آنے کے بعد ضلع میدک میں قیمتی و معیاری اراضیات کی نشاندہی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ میونسپلٹی اور گاؤں میں سرکاری اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے30800 ایکر اراضی کو حکومت نے اپنے قبضہ میں لے لیا ہے جس کے تحفظ کیلئے ضلع کلکٹر نے 7.50کروڑ روپئے منظور کئے ہیں جس سے ان اراضیات کی حصار بندی کی جائے گی۔ انہوں نے سرکاری اراضیات پر قبضہ کرنے والوں کو سخت انتباہ دیا۔ اس موقع پر کوہیر تحصیلدار فرحین شیخ ، ریونیو انسپکٹر روی کمار کے علاوہ دیگر موجود تھے۔
رکن اسمبلی تانڈور کی
ٹی آر ایس میں شمولیت
تانڈور۔/26فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلگودیشم ڈاکٹر پی مہند رریڈی رکن اسمبلی تانڈور نے تلگودیشم پارٹی سے استعفی دے دیا اور ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ ان کے ہمراہ ان کے بھائی پی نریندر ریڈی ایم ایل سی، سابق صدر نشین ضلع پریشد ضلع رنگاریڈ کے ایس رتنم رکن اسمبلی چیوڑلہ بھی تلگودیشم سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوگئے۔ تانڈور کے شہری اور مقامی ٹی آر ایس قائدین مسرس ایوب خاں، عابد چاوش وغیرہ نے رکن اسمبلی ڈاکٹر مہندر ریڈی اور ان کے ساتھیوں کا ٹی آر ایس میں خیرمقدم کیا۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر پی مہندر ریڈی کے دست راست و سابق صدر منڈل پریشد یالال منڈل کے پروتم ایڈوکیٹ بھی اپنے قائد کی اقتدا کی اور تلگودیشم کو خیرباد کہتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے۔