جنیوا میں امام حرم کے پروگرام میں رخنہ اندازی

جنیوا : خطہ میں سعودی عرب کی پالیسیوں میں مسلمان خوش نہیں ہیں۔تاہم اس سے ہونے والی ناراضگی سے امام حرم شیخ عبدالرحمن اسدیس بھی محفوظ نہیں رہ سکے ۔اطلاع کے مطابق سعودی عرب کی پالیسیوں پر انہیں الجیریا سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم شخص کی شدید ناراضگی کا سامنا اس وقت کرنا پڑاجب وہ سوئیز ر لینڈ کے شہر جنیوا میں ایک مسجد میں امن و حفاظت کے موضوع پر خطاب کرنے آئے تھے ۔

عبدالرحمن السدیس سے الجیریا کے ایک باشندہ نے نہ صرف متعدد سوالات کرکے ان کے پروگرام میں رخنہ اندازی کی بلکہ امام حرم سے یہ سوال بھی کیا کہ وہ یمن او رقطر میں اپنے بھائیوں کو بھوک مری کا شکار بناکر امن کے بارے میں یہاں لکچر کیوں دے رہے ہیں ۔اما م حرم کے اس پروگرام میں الجیریا کے باشندہ کی اس مداخلت کا ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہوگیا ہے ۔

اس شخص نے امام حرم کو الجیریا ، مصر اور ترکی میں فوجی بغاوت کی ان کی مبینہ حمایت پر بھی سوال کیا او ران سے کہا کہ وہ ’جھوٹ کے مبلغ ہیں ۔‘سوشل میڈیا پر سوال کرنے والے شخص کی کافی تعریفیں ہورہی ہیں ۔یاد رہے کہ امام حرم عبد الرحمن اسدیس پہلے بھی امریکی صدرٹرمپ کی تعریف کرکے تنازع میں گھر چکے تھے ۔