جنیوا مذاکرات اُمید کی کرن :امارات

ابوظہبی ۔ 3 فروری (سیاست ڈا ٹ کام)متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ عبداللہ بن زاید نے کہا ہے کہ جنیوا میں شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت کے لیے امید کی کرن روشن ہوئی ہے۔ مگر بات چیت کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کے لیے فریقین کو تنازعہ کے حل کی مساعی جاری رکھنا ہوں گی۔ اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاؤروف کے ہمراہ ابو ظہبی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ شام کے متحارب فریقین کے درمیان مصالحت کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں ان کی مدد کرے اور ایک عام شامی شہری کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے شام کا مسئلہ حل کرانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔