جنید خان کی شادی ‘ٹیم میں واپسی کیلئے پُرعزم

صوابی 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ شادی کی تقریب ان کے آبائی گاوں صوابی میں منعقد ہوئی جس میں اہل خانہ کے علاوہ عزیزواقارب نے شرکت کی۔ جنید خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی دلہن کے لئے سب سے قیمتی تحفہ خود ہیں۔ جنید خان کی منگنی 8ماہ قبل برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں حاجی مطیع اللہ کی صاحبزادی خانسہ سے ہوئی جنہوں نے ان فٹ ہونے کے باعث ورلڈ کپ ٹیم میں شامل نہ ہونے کو غنیمت جانتے ہوئے شادی کا فیصلہ کیا۔ جنید خان کی آبائی گاوں متھرا ڈاگئی صوابی میں شادی کی تقریب ہوئی جس میں رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ دلہن کے گاوں گوہاٹی میں بھی خوشی کا سماں تھا۔ جنید خان نے شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ جب انہیں ورلڈ کپ کی ٹیم سے خارج کردیا گیا تو وہ 50 فیصد فٹ تھے لیکن صحتیابی کے دور سے گذرتے ہوئے اب وہ 70 فیصد فٹ ہوچکے ہیں اور امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ بھی کھیلیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شادی کا لباس انہوں نے پشاور سے بنوایاتاہم شادی سادگی سے کی گئی ہے۔ ولیمہ میں پٹھانوں کی روایتی کھانے کی ڈشیں چاول گوشت، دال، چکن کڑاہی اور حلوہ مہانوں کو پیش کئے جائیں گے۔ جنید کے بموجب وہ حتی المقدور فٹنس کو جلد سے جلد حاصل کرنا چاہتے ہیں تا کہ ورلڈ کپ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل ہوجائیں ۔ جنید خان کے زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے کے بعد راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن اب آل راونڈر محمد حفیظ ہوکر ٹیم سے باہر ہوچکے ہیں جن کے مقام پر بائیں ہاتھ کے اوپنر ناصر جمشید کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم کا افتتاحی مقابلہ 15 فبروری کو ہندوستان کے خلاف مقرر ہے اور مصباح الحق کی زیر قیادت ٹیم ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو شکست دینے کیلئے پُر عزم ہے حالانکہ گذشتہ پانچ ورلڈ کپس میں پاکستانی ٹیم ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرپائی ہے ۔