جنید خان کو ونڈے ٹیم کا مستقل رکن ہونا چاہئے:اظہر

کراچی۔11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے پاکستان کی بولنگ کو مضبوط بنانے کے لیے فاسٹ بولر جنید خان کو ونڈے ٹیم کا مستقل رکن بنانے کا مشورہ دیا ہے۔زمبابوے کے خلاف سیریز میں حریف ٹیم کی جانب سے بڑے اسکور بنائے جانے پر 40 سالہ کرکٹر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ پاکستانی ٹیم کے انتخاب میں غیر مستقل مزاجی ہے۔اظہر محمود نے جنید کو مستقل بنیادوں پر کھلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر کو ونڈے ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھا لیکن انہیں ابتدائی دونوں میچوں میں نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے جنید کو ایک بہترین بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیں ہاتھ کے بولر یارکرز بہت بہتر کر سکتے ہیں اور وہ وہاب ریاض کے ساتھ ٹیم کے بہترین بولروں میں سے ایک ہیں۔سابق آل راؤنڈر نے ونڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے خود کو ایک ٹسٹ بیٹسمین سے ونڈے کھلاڑی میں تبدیل کیا وہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر زور دیا کہ وہ اظہر علی وہ بطور کپتان مزید وقت دے تاکہ وہ خود کو ایک کامیاب قائد ثابت کر سکیں۔