جنید خان فٹنس ٹسٹ میں ناکام، ورلڈ کپ سے باہر

اسلام آباد ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فاسٹ بولر جنید خان ان فٹ ہونے کے سبب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ جنید خان پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لیا گیا فٹنس ٹسٹ پاس نہ کر سکے۔جنید کو ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل تربیتی کیمپ کے دوران ہیمسٹرنگ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔ کرکٹ بورڈ کے حکام نے انھیں اس چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے دورہ پر نہیں بھیجا تھا لیکن ان کا نام عالمی کپ کے اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا تھا۔حکام نے اس وقت کہا تھا کہ جنید کی فٹنس دیکھنے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں یا نہیں۔ پیر کو لاہور میں جنید خان کی فٹنس ٹسٹ لیا گیا تاہم وہ یہ ٹسٹ کلیئر نہ کر سکے اور سلیکٹروں کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے ان کی جگہ کسی دوسرے فاسٹ بولر کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت کیلئے درخواست کرنی پڑے گی۔جنید خان خاصے عرصے سے فٹنس مسائل کا شکار رہے ہیں۔ جنید خان نے 48 ونڈے میچوں میں 75 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے لیکن دائیں گھٹنے کی تکلیف کے سبب وہ وطن واپس آنے پر مجبور ہو گئے تھے جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بھی نہ کھیل سکے۔وہ آخری بار گذشتہ سال سری لنکا کے دورے میں کھیلے تھے اور کولمبو ٹسٹ میں انھوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اسی دورے میں وہ دو ونڈے بھی کھیلے تھے۔ جنید خان کا ان فٹ ہوکر عالمی کپ سے باہر ہوجانا پاکستانی ٹیم کیلئے بہت بڑا دھکا ہے کیونکہ ان سے قبل آف سپنر سعید اجمل بھی مشکوک بولنگ ایکشن کے سبب ورلڈ کپ نہیں کھیل رہے ہیں، جبکہ محمد حفیظ کا بولنگ کرنا بھی ان کے بولنگ ایکشن کے کلیئر ہونے سے مشروط ہے۔ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا میچ 15 فروری کو ہندوستان کے خلاف ایڈیلیڈ میں ہے۔