دبئی ۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) 2018 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے جنید خان نے لاہور قلندرز کے خلاف ہیٹ ٹرک سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دبئی میں کھیلے گئے میچ میں فخر زمان کے 49 رنز کی بدولت لاہور قلندرز کا موقف نشانہ کے تعاقب مستحکم تھا، تاہم پھر 132کے مجموعی اسکور پر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ان کی وکٹیں پتوں کی طرح گرنا شروع ہوگئیں۔لاہور قلندرز کو شکست کی طرف دھکیلنے میں جنید خان نے بھی اہم کردار کیا اور ان کی تین گیندوں پر تین وکٹوں نے لاہور کی شکست کو یقینی بنادیا۔جنید خان نے یاسر شاہ، کیمرون ڈیلپورٹ اور رضا حسن کو آؤٹ کرکے پاکستان سوپر لیگ کی تاریخ کی دوسری ہیٹ ٹرک کی۔لاہور قلندرز کی آخری سات وکٹیں صرف 4 رنز کے فرق سے گریں اور میچ میں اسے 43 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے خلاف ہی کراچی کنگز کے محمد عامر نے بھی ہیٹ ٹرک کی تھی۔ پاکستان سوپر لیگ تھری کے تیسرے میچ میں لاہور قلندر کو جیت کیلئے 180 رنز کا ہدف درکار تھا تاہم اس کے بیٹسمینس کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 136 پر آؤٹ ہو گئی۔ جنید خان کی ہیٹ ٹرک نے میچ کا لطف دوبالاکر دیا۔ 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز میدان میں اترے تو ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اسے باآسانی حاصل کر لیں گے، اس امید کی بنیاد جارحانہ اوپنر فخر زمان تھے جنہوں نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد قلندرز میچ میں واپس نہیں آ سکے۔لاہور قلندرز کی جانب سے دیگر بیٹسمینوں میں نارائن 26، عمر اکمل 31 اور سہیل اختر 21 رنز بنا کر نمایاں رہے لیکن ان کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکاجس کی وجہ سے میچ قلندرز کے ہاتھ سے نکل گیا۔ملتان سلطانز نے 43 رنز سے اپنا دوسرا میچ جیت کر باقی ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ملتان سلطانز کی جانب سے ان کے بولروں نے بھی کمال کا مظاہرہ کیا جبکہ فلیڈرز نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا۔ جنید خان اور عمران طاہر کے حصے میں فی کس تین وکٹیں آئیں جبکہ محمد عرفان اور پولارڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل لاہور قلندر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد بیٹنگ میدان میں اترے۔ دونوں نے شاندار مظاہرہ کیا۔پہلے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونے والے احمد شہزاد نے 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے، تاہم اس کے بعد لیگ سائیڈ پر جانے والی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وہ اپنا کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد صہیب مقصود آئے لیکن آتے ہی چلتے بنے، انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔کماراسنگاکارا نے اس میچ میں بھی اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور صرف 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 28 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے ۔