جنگ کے بعد غزہ میں پانچ لاکھ فلسطینی بچوں کی اسکولس کو واپسی

غزہ سٹی 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) غزہ میں تقریبا پانچ لاکھ فلسطینی بچے 50 دن کی تباہ کن جنگ کے بعد آج اپنے اسکولس کو واپس ہوئے ۔ اس جنگ میں 2100 نہتے فلسطینی شہری جاں بحق ہوگئے تھے اور سینکڑوں اسکولی عمارتوں کو نقصان پہونچا تھا ۔ غزہ کی وزارت تعلیم کے عہدیدار زید ثابت نے کہا کہ تقریبا 2,30,000 فلسطینی بچے جو جماعت اول سے بارہویں کے درمیان تعلیم حاصل کرتے ہیں سرکاری اسکولس کو واپس ہوئے ہیں جبکہ تقریبا دو لاکھ بچے اقوام متحدہ کی جانب سے چلائے جانے والے اسکولس میں حصول تعلیم کیلئے آگے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی ہزار بچے خانگی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے واپس ہوئے ہیں۔ غزہ میں جنگ کے بعد طلبا و طالبات کی اسکولس کو واپسی میں دو ہفتوں کی تاخیر ہوئی ہے کیونکہ درجنوں اسوکلی عمارتیں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں تباہ ہوگئی ہیں

اور کچھ اقوام متحدہ اسکولس کی عمارتیں پناہ گزینوں کی جانب سے استعمال کی جا رہی تھیں جو اسرائیلی جنگ میں بے گھر ہوگئے تھے ۔ اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی نے بتایا کہ ابھی تک 50 ہزار افراد اقوام متحدہ کے اسکولس ہی میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ زید ثابت نے بتایا کہ ماضی کے برخلاف اس بار اسکولس میں پہلے ہفتے میں نفسیاتی کونسلنگ کی جائیگی اور کھیل کود کی سرگرمیوں پر توجہ دی جائیگی تاکہ جنگ سے خوفزدہ بچے دوبارہ تعلیم کی جانب راغب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلہ میں زائد از 11,000 اساتذہ اور تین ہزار پرنسپلس و منتظمین کو خصوصی تربیت فراہم کی ہے کہ جنگ کے بعد بچوں سے کس طرح نمٹیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملں مے غزہ کے 26 اسکولس تباہ ہوگئے تھے جبکہ 232 اسکولس کو جزوی نقصان پہونچا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کیلئے سرکاری فنڈنگ ہنوز مسئلہ بنی ہوئی ہے کیونکہ یہاں جاریہ سال کے اوائل میں حماس اور فلسطینی اتھاریٹی کے مابین اتفاق رائے سے قائم ہوئی حکومت نے ابتداء سے کوئی فنڈز جاری نہیں کئے ہیں۔ یونیسف کے عہدیدار جیون کنوگی نے بھی ان کے خیال سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری در اصل مستقبل کی سرمایہ کاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے طلبا و طالبات کی تعلیم اور ان کے تحفظ پر رقم صرف نہیں کی جائیگی تو غزہ میں ایک نسل کا نقصان ہوجائیگا ۔ اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری اسکولس کیلئے 130,000 اسکول بیاگس اور اساتذہ کی امداد فراہم کر رہی ہے اور اس نے تقریبا 12,000 اسکولی کونسلرس کیلئے تربیت بھی فراہم کی ہے ۔ غزہ میں 26 اگسٹ کو جنگ ختم ہوئی تھی جب مصر کی کوششوں سے جنگ بندی معاہدہ طئے پایا تھا ۔