جنگ بندی کی پاکستانی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دینے کی وزیر داخلہ کی ستائش

نئی دہلی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بارڈر سکیورٹی فورس کی 49 ویں یوم تاسیس تقریب پر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج اس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اس نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستانی عدم تشدد کے پرستار ہیں لیکن اگر کوئی کسی بھی طرح ہمارے ملک کی بے عزتی کرے تو ہمارے فوجی اس کا منہ توڑ جواب دیتے ہیں۔ پاکستان نے بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، لیکن ہم نے صبر و تحمل برقرار رکھا تھا، تاہم بی ایس ایف نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کی بنیادی فکر قوم کی عزت اور وقار کا تحفظ ہے۔بی ایس ایف کی تاریخ قابل ستائش ہے۔ آج اپنے یوم تاسیس پر یہ اپنے گولڈن جوبلی سال میں داخل ہورہی ہے۔ اس کا عملہ ملک کی عزت و قار کے بارے میں کافی فکرمندی رکھتا ہے۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ کوئی بھی ملک ان کی وجہ سے ہمارے ملک کو آنکھیں نہیں دکھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ بی ایس ایف کو بے انتہا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ اپنی بہترین کوششیں کریں گے۔ قبل ازیں نریندر مودی نے بی ایس ایف کی جرأت و دلیری کو ملک کیلئے وجہ تحریک قرار دیا تھا۔