جنگاوں میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی کی کوشش

مزاحمت کرنے والی لڑکی کو سوکھے کنویں پھینک دیا گیا ‘ ملزم بھی کود پڑا
حیدرآباد ۔ 14؍اکٹوبر ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں ضلع جنگاوں کے ایک گاوں میں عصمت ریزی کی مبینہ کوشش کے خلاف مزاحمت کرنے والی 17 سالہ لڑکی کو ایک شخص نے سوکھے کنویں میں پھینک دیا تھا تاہم وہ معمولی زخموں کے ساتھ بچ گئی ۔ لیکن ملزم‘ برہم عوام کی زدوکوب کے نتیجہ میں شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے کہا کہ مقامی شخص 25 سالہ ڈی راجیش نے اس لڑکی کی عصمت ریزی کرنے کی کوشش کی جب اس کے ماں باپ کام کے لئے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے مزاحمت پر اس نے لڑکی کو ظفر گڈھ منڈل کے قریب واقع سوکھے کنویں میں پھینک دیا ۔ لڑکی کی چیخ پکار پر خوفزدہ ہو کر وہ خود بھی کنویں میں کود پڑا ۔ اسی دوران مقامی عوام وہاں پہنچ گئے ۔ ان دونوں کو باہر نکال لیا گیا ۔ مقام واقعہ پر پولیس کی آمد سے قبل راجیش کی بری طرح پٹائی کی گئی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے ملزم کے خلاف عصمت ریزی کی کوشش اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔