جنگاؤں میں دواخانے کے قیام کا مطالبہ

مدور ۔ 26مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی جنگاؤں کے تمام مواضعات میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے علاوہ مختلف دکانات ‘ رائس ملوں پر برسرخدمت حمالوں اور منظم و غیر منظم شعبہ سے وابستہ مزدوروں کی اکثریت موجود ہے ۔ تاہم ان افراد کی بہتر طبی نگہداشت و علاج و معالجہ کے لئے سرکاری طور پر ای ایس آئی دواخانہ موجود نہ ہونے کے باعث محنت مزدوری کرنے والے افراد کیلئے مشکلات پیش آرہی ہے ۔ اس ضمن میں مختلف مزدور تنظیموں پر مشتمل انجمن کے قائدین کامریڈ راجا ریڈی ‘ تراستیم ‘ کنکا ریڈی ‘ سید نواز حسین ‘ لائق علی ‘ ساوگتری دیوی اور دیگر نے آج مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو تحریری مکتوب روانہ کرتے ہوئے فی الفور جنگاؤں ٹاؤن کیلئے ای ایس آئی دواخانہ منظور کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا تاکہ محنت کش طبقہ ضرورت پڑنے پر بہتر طور پر علاج و معالجہ کرواسکے ۔