این سی پی اور دیگر پارٹیوں سے انتخابی اتحاد کا مناسب وقت پر فیصلہ ‘ کانگریس ذرائع کا بیان
ممبئی ۔ 24ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حال ہی میں اختتام پذیر گجرات انتخابی نتائج سے حوصلہ مند کانگریس نے مہاراشٹرا میں عوام تک رسائی کی مہم آئندہ ماہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس میں تمام 292 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ پارٹی ذرائع کے بموجب پہلے مرحلہ کا آغاز نئے سال کے دوسرے ہفتہ سے مغربی مہاراشٹرا میں ہوگا ۔ اس علاقہ میں مہم کی قیادت صدر پردیش کانگریس اشوک چوہان کریں گے ۔ مہم کا آغاز کولہا پور سے اور اختتام پونے میں ہوگا ۔ پارٹی قائدین ‘ ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی ‘ پارٹی عہدیدار شریک ہوں گے ۔ کانگریس ریاستی شاخ نے منصوبہ بنایا ہے کہ بی جے پی زیرقیادت حکومت کے خلاف مسائل اٹھائے جائیں جیسے کہ کاشتکاروں کے قرضوں کی معافی ‘ تیقنات کی عدم تکمیل اور پارٹی کے تمام کارکنوں کو متحد کیا جائے تاکہ تنظیم مستحکم ہوسکے ۔ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات 2019ء کے نصف آخر میں مقرر ہیں ۔ ذرائع کے بموجب این سی پی و دیگر پارٹی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا ۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ گجرات انتخابات میں کانگریس کی کارکردگی سے اپوزیشن پارٹیوں کا کردار مہاراشٹرا میں مرکز توجہ بن گیا ہے اور بی جے پی زیرقیادت فرنویس حکومت سے اپوزیشن مقابلہ کرناچاہتی ہے تاکہ 2019کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرسکے ۔ گجرات کے برعکس جہاں دو پارٹی پالیسیوں کا مقابلہ تھا مہاراشٹرا میں کئی پارٹیوں کا نظام گذشتہ 20سال سے قائم ہے ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ ہمارا ارادہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام غیر بی جے پی پارٹیوں کو ساتھ لیں اور اپوزیشن اتحاد کو مستحکم کریں تاکہ ریاستی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکے ۔