رائے پور، 17نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈرویرپا موئیلی نے دعوی کیا کہ کرناٹک ہی نہیں بلکہ جنوب کی دوسری ریاستو ں میں بھی بی جے پی کیلئے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں دروازے بند ہوچکے ہیں۔ اس کیلئے پچھلی بار کی کارکردگی دہرانا تو دور چوتھائی سیٹیں بھی حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔مسٹر موئیلی نے آج یو این آئی سے بات چیت میں کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کی طاقت تقریباََ ختم ہوچکی ہے جس کا واضح اشارہ حال میں ہوئے انتخابات میں مل چکا ہے ۔ اسے اگر دو تین سیٹییں مل جائیں تو بہت ہوگا۔ کیرالہ میں تمام کوششوں کے بعد بھی بی جے پی اپنا کھاتہ کھولنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔ وہاں کانگریس اور کمیونسٹ پارٹیوں کے اتحاد کی ہی بنیاد ہے ۔ ٹاملناڈو میں بھی اسے کوئی امید نہیں کرنی چاہئے یہاں کانگریس ۔ڈی ایم کے کا مضبوط اتحاد ہے ۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس کی قیادت میں ٹی ڈی پی اور کمیونسٹ پارٹیوں کے ساتھ ایک مضبوط اتحاد بنا ہے ۔ یہاں بھی بی جے پی کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔ مدھیہ پردیش میں اتحاد کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہاکہ ابھی کچھ کہنا جلد بازی ہوگی۔ گوا میں بھی بی جے پی مشکل میں ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جنوب میں بی جے پی کیلئے دروازے بند ہوچکے ہیں۔ اسے شمال سے بھی کرارا جھٹکا لگنے والا ہے ۔بی جے پی کے خلاف مہاگٹھ بندھن بنانے آندھراپردیش چیف منسٹر چندر بابو نائیڈو کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کتنا بھی سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس محکمہ کا استعمال کرلیں ، وہ بی جے پی مخالف جماعتوں کو متحد ہونے سے نہیں روک سکیں گے ۔