عدن ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی یمن کے صوبہ میں ایران کی تائید یافتہ باغیوں کو بے دخل کرنے کیلئے یمنی حکومت کے حامی فورسیس نے آج گھمسان لڑائی کی جہاں انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔صوبہ دلیہہ میں سعودی عرب کی قیادت میں فضائی حملوں اور زمینی لڑائی کے دوران 12 باغیوں کے علاوہ حکومت کے وفادار 4 سپاہی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ دلیہہ بھی اُن پانچ جنوبی صوبوں میں شامل ہے جس کو عرب اتحاد کے تائید یافتہ یمنی حکومت کے وفادار سپاہیوں نے جولائی کے دوران باغیوں کے قبضہ سے آزاد کرلیا تھا، لیکن شیعہ حوثی باغیوں اور ان کے حامیوں نے اس ماہ کے اوائل میں صوبہ کے دوسرے بڑے شہر دمت پر اپنا قبضہ بحال کرلیا تھا۔ شمال میں یمن کے تیسرے بڑے شہر تعز میں جہاں کئی مہینوں سے حکومت کے وفادار سپاہیوں کی چھاؤنی باغیوں کے محاصرہ میں ہے، لڑائی کے دوران 3 عام شہری ہلاک ہوگئے ۔ گزشتہ روز کے مورٹار حملے میں دیگر 20 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ باغیوں کے زیرقبضہ صنعاء پر عرب اتحاد کے حملے جاری ہیں۔