کڑپہ ۔ 26 ۔ فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) انجمن ترقی اردو ضلعی شاخ کڑپہ ( اے پی ) کی جانب سے رحمت اللہ اسٹریٹ ، چاند پھرا گنبد ، دفتر انجمن ترقی اردو میں 2015 ء ماہ مارچ 21 ، 22 کو منعقد شدنی دو روزہ سمینار بعنوان ’’ جنوبی ہند کے جواں فکر قلم کار ‘‘ کو کامیاب بنانے کیلئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مولانا سید شاہ مصطفی حسین بخاری صدر انجمن ترقی اردو ضلعی شاخ کڑپہ ( اے پی ) نے کی ۔ جناب سید ہدایت اللہ معتمدعمومی نے بتایا کہ جنوبی ہند میں جواں فکر قلم کاروں کی کثیر تعداد موجود ہے جنہوں نے اپنے وسیع مطالعہ کی بنیاد پر اپنے مخصوص طرز تحریر اور لب و لہجہ سے ادب کی دنیا میں ایک نئی تبدیلی لائی ہے ۔ یہاں کے جواں فکر قلم کاروں نے تحقیق ، تنقید اور تخلیق و صحافت پر اپنے تازہ نقش مرتب کئے ہیں۔ جناب سید شکیل احمد شکیل شریک معتمد نے کہا کہ جنوبی ہند کے جواں قلم کاروں کی تصانیف اور ان کی ادبی اہمیت کو واضح کرنا بالخصوص اس علاقہ کا ادبی فریضہ ہے اور عصر حاضر کا تقاضا بھی ۔ اس مقصد کے تحت ایک دو روزہ سمینار اور کل ہند مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ جناب وی ایس امیر بابو نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کڑپہ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد ہے ۔ دوسرے اضلاع کی بہ نسبت کڑپہ میں اردو زبان کا استعمال زیادہ ہے ۔ کڑپہ اردو کا مرکز مانا جاتا ہے ۔ اردو طلباء ، اردو اساتذہ ، اردو پرائمری ، اردو اپر پرائمری ، اردو ہائی اسکولس کی کثیر تعداد ہے ۔ یہاں تک کہ کہنہ مشق استاد شعراء ، ادباء ، علماء ، محققین ، ڈرامہ نگار اور اردو چاہنے والوں کی کثیر تعداد ہے ۔ جناب پروفیسر علی خان نے کہا کہ سمینار کی کامیابی کیلئے کمیٹیوں کو منظم انداز میں قائم کریں ۔ جناب صلاح الدین صدر اردو یونیورسٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کڑپہ نے کہا کہ انجمن ترقی اردو پچھلے 30 سال سے اردو کی ترقی کیلئے کوشاں ہے ۔ جناب اشرف علی خاں سابق وقف بورڈ چیرمین کڑپہ نے کہا کہ دو روزہ سمینار اور کل ہند مشاعرہ کے انعقاد کیلئے مالی اعانت کی بہت ضرورت ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ساونیر کی اشاعت لازمی ہے ۔ جناب جیلانی باشاہ سابق وقف بورڈ چیرمین کڑپہ نے کہا کہ ان اجلاسوں میں اردو اساتذہ لکچرار ، پروفیسرس ، اردو طلباء اولیا طلباء ، اردو قلمکار ، شعراء اردو دان طبقہ کو شریک کروائیں ۔ جناب اعظم وائی ایس آر پارٹی یوتھ لیڈر نے کہا کہ اردو مسائل کے حل کیلئے سیاست دانوں سے رجوع ہونگے ۔ ہماری آواز ریاست تک پہچائیں گے ، مائیناریٹی لیڈرس ، مائناریٹی منسٹر ، ایم ایل سی وغیرہ کو سمینار میں مدعو کریں گے ۔ جناب عبدالرزاق صدر آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن ضلع کڑپہ ، جناب عبدالحکیم صدر اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کڑپہ وغیرہ نے بھی مخاطب کیا ۔