جنوبی سوڈان میں ماچار سے ثالثوں کی ملاقات

امریکہ اور علاقائی ممالک کی صدر اور حکومت میں صلح کیلئے کوشش
عدیس ابابا۔12جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ اور علاقائی ثالثوں نے جنوبی سوڈان کے تنازعہ کی یکسوئی کی کوشش میں باغی فوجوں کے سربراہ سابق صدر ریک ماچار سے ملاقات کی جو گذشتہ ماہ سے سرکاری فوجوں کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں ۔ ملک کے صدر سلواکی نے نائب صدر ریک ماچار کو ان کے عہدہ سے برطرف کردیا تھا ۔ امریکی خصوصی قاصد برائے جنوبی سوڈان اور سوڈان ڈونالڈ بوت نے علاقائی ثالثوں کے ساتھ ایک نامعلوم مقام کا سفر کیا

تاکہ ریک ماچار سے ملاقات کی جاسکے اور سابق پریس آفیسر نیون جی کونگ کی دستخط کے ساتھ ایک بیان حاصل کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کل ماچار کے ساتھ ملاقات اُس وقت ہوئی جب کہ حبش کے دارالحکومت عدیس ابابا میں بات چیت جاری ہے جس کا مقصد جنگ بندی معاہدہ کو قطعیت دینا ہے ۔ علاقائی ثالث کوشش کررہے ہیں کہ دونوں فریقین کو جنگی معاہدہ کی ایک دستاویزات میں شرائط درج کروانے پر آمادہ کریں ۔

امن مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ ماچار کے حامیوں کی جانب سے پیش آرہی ہے ۔ ماچار نے پُرزور انداز میں کہا کہ وہ مذاکرات میں شرکت کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن صدر سلواکیر نے سخت موقف اختیار کررکھا ہے ۔ انہیں خوف ہے کہ بات چیت کے نتیجہ میں انہیں عدالت کے کٹھہرے میں کھڑا کردیا جائے گا ۔ جنوبی سوڈان میں 15ستمبر سے جنگ چھڑ گئی جب کہ صدر سلواکیر نے اپنے نائب صدر ماچار پر بغاوت کی سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ان کے عہدہ سے برطرف کردیا تھا۔