جنوبی ایشیاء ممالک کے سرجنس کی سالانہ کانفرنس

حیدرآباد 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرر اؤ 27 ڈسمبر کو 6 بجے شام حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر مادھا پور ہائی ٹیک سٹی میں جنوبی ایشیائی ممالک کے سرجنس کی 74 ویں سالانہ کانفرنس (Asicon-2014) کا افتتاح کریں گے۔ جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر امور صحت و طبابت ڈاکٹر ٹی راجیا اس کانفرنس میں بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پی رگھورام آرگنائزنگ سکریٹری Asicon-2014 ، ڈاکٹر چندرا ہری پیاٹرن، ڈاکٹر بی مدھو شیکھر صدرنشین آرگنائزنگ کمیٹی، ڈاکٹر سبرامنیشور راؤ صدرنشین سائنٹفک کمیٹی، ڈاکٹر سی آر کرشنا پرساد خازن آرگنائزنگ کمیٹی Asicon-2014 نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بڑے پیمانے پر منفرد انداز میں پہلی مرتبہ اور شہر حیدرآباد میں دس سال کے وقفہ کے بعد انتہائی اہمیت کی حامل سرجنس کی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ یہ کانفرنس 27 تا 30 ڈسمبر چار روزہ ہوگی۔ ان عہدیداروں نے مزید بتایا کہ اس جنوب ایشیائی ممالک کے سرجنس کی کانفرنس میں زائداز 7000 مندوبین کی شرکت متوقع ہے جن میں اندرون ملک سرجنس بھی شامل ہیں۔ اس ایشیائی ممالک کے کانفرنس کا اہم موضوع Empowering Surgeons – Impacting Lives ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ زائداز 30 انتہائی نامور سرجنس دنیا کے مختلف ممالک سے اس کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔ ان عہدیداروں نے مزید کہاکہ اس چار روزہ سرجنس کانفرنس میں مختلف موضوعات پر تفصیلی مباحث ہوں گے اور ان مباحث کے ذریعہ شعبہ طب میں عصری علاج کی ٹیکنکس وغیرہ سے متعلق مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔